عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ ’’ روزِ قیامت لوگوں کے درمیان سب سے پہلے خونِ ناحق کے بارے میں فیصلہ ہو گا ‘‘۔
شرح الحديث :
اللہ تعالی قیامت کے دن مخلوق کا حساب لے گا اور پھر ان کے مابین عدل و انصاف کے ساتھ فیصلہ فرمائے گا۔ جو زیادتیاں اور حق تلفیاں سب سے اہم ہوں گی ان سے آغاز کیا جائے گا۔ چونکہ خون سے متعلق معاملات سب سے اہم درجہ رکھتے ہیں اس وجہ سے اس عظیم دن سب سے پہلے انہی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ تو بات ہے ان زیادتیوں اور حق تلفیوں کی جو بندوں کی ایک دوسرے سے متعلق ہیں۔ رہے بندے کے اپنے اعمال تو سب سے پہلے نمازکو دیکھا جائے گا (اور اس کے بارے میں پوچھا جائے گا۔)