قَسمیں (أَيْمانٌ)

قَسمیں (أَيْمانٌ)


أصول الفقه

المعنى الاصطلاحي :


مخصوص الفاظ کے ساتھ کسی قابلِ تعظیم شے کا ذکر کرکے کسی بات کی تاکید کرنا۔

الشرح المختصر :


’ایمان‘ سے مراد ہر وہ بات ہے جو اس کی تقویت اور توثیق و تاکید پر مشتمل ہو، اس تقویت و تاکید کے لیے کسی قابلِ تعظیم اور باعظمت شے کا استعمال کیا گیا ہو، جیسے اللہ تعالیٰ کا اسم یا اس کی صفت کو ذکر کرنا، یا پھر کفر، یا طلاق، یا ظہار، یا حرام، یا (غلام کی) آزادی، یا کسی نیک کام کو کرنے پر معلق کیا گیا ہو، مثلاً کسی آدمی کا اپنی بیوی سے یہ کہنا کہ: ’اگر تو گھر میں داخل ہوئی تو تجھے طلاق ہے‘۔ ’اَیمان‘ (قسموں) کی چار انواع ہیں: 1۔ یمینِ غموس: ماضی میں کسی خبر کے متعلق جھوٹی قسم اٹھانا۔ 2۔ یمینِ لغو: کسی شخص کا یہ گمان کرتے ہوئے قسم اٹھانا کہ یہ بات ایسے ہی ہے، حالانکہ درحقیقت وہ اس کے برخلاف ہو۔ 3۔ یمینِ منعقد: مستقبل میں کسی فعل کو کرنے یا نہ کرنے کی قسم اٹھانا۔ 4۔ یمینِ صبر: وہ جھوٹی قسم جسے آدمی جان بوجھ کر اس مقصد سے اٹھاتا ہے تاکہ اس کے ذریعے وہ کسی مسلمان کا مال ہڑپ کرسکے۔ اسے یہ نام اس لیے دیا گیا کیونکہ ایسی قسم اٹھانے والا اس کی بابت سخت وعید کے باوجود اس پر اقدام کرنے پر صبر کرتا (یعنی ڈٹا رہتا) ہے۔

التعريف اللغوي المختصر :


اَیمان: یہ ’یمین‘ کی جمع ہے جس کا معنی ہے قسم اور حلف۔ ’یمین‘ کا حقیقی معنی: قوت اور قدرت ہے۔ ’حلف‘ کو یہ نام اس لیے دیا گیا کیونکہ حلف اٹھانے والا جس شے پر قسم اٹھا رہا ہوتا ہے اسے اپنے حلف کے ذریعے تقویت بخشتا ہے اور اس کی تاکید کرتا ہے۔ ’یمین‘ کے یہ معانی بھی آتے ہیں: عہد، میثاق اور وہ سمت جو بائیں سمت کے مقابلے میں ہوتی ہے۔