البحث

عبارات مقترحة:

المقدم

كلمة (المقدِّم) في اللغة اسم فاعل من التقديم، وهو جعل الشيء...

القوي

كلمة (قوي) في اللغة صفة مشبهة على وزن (فعيل) من القرب، وهو خلاف...

القادر

كلمة (القادر) في اللغة اسم فاعل من القدرة، أو من التقدير، واسم...

رمضان كي تيس خصوصيات

الأردية - اردو

المؤلف ماجد بن سليمان الرسي ، صالح بن عبد الله بن حميد
القسم خطب الجمعة
النوع صورة
اللغة الأردية - اردو
المفردات
موضوع الخطبة:الخصائص العشرون لشهر رمضانالخطيب: فضيلة الشيخ ماجد بن سليمان الرسي/ حفظه اللهلغة الترجمة: الأردوالمترجم:سيف الرحمن التيمي ((@Ghiras_4Tپہلا خطبہإن الحمد لله نحمده ، ونستعينه، ونعوذ بالله من شرور أنفسنا ومن سيئات أعمالنا، من يهده الله فلا مضل له، ومن يضلل فلا هادي له، وأشهد أن لا إله إلا الله وحده لا شريك له، وأشهد أن محمدا عبده ورسوله.حمد وثنا کے بعد!سب سے بہترین کلام اللہ کا کلام ہے، اور سب سے بہترین طریقہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ ہے، سب سے بدترین چیز دین میں ایجاد کردہ بدعتیں ہیں، اور (دین میں) ہر ایجاد کردہ چیز بدعت ہے، ہر بدعت گمراہی ہے اور ہر گمراہی جہنم میں لے جانے والی ہے۔
  • اے مسلمانو! میں آپ کو ا ور خود کو اللہ کے تقوی کی وصیت کرتا ہوں، یہی وہ وصیت ہے جو پہلے اور بعد کے تمام لوگوں کو کی گئی ، فرمان باری تعالى ہے: (ولقد وصينا الذين أوتوا الكتاب من قبلكم وإياكم أن اتقوا الله)
  • ترجمہ: واقعی ہم نے ان لوگوں کو جو تم سے پہلے کتاب دیئے گئے تھے اور تم کو بھی یہی حکم کیا ہے کہ اللہ سے ڈرتے رہو ۔اس لئے اللہ تعالی سے ڈریں اور اس سے خائف رہیں، اس کی اطاعت کریں اور اس کی نافرمانی سے گریز کریں، جان رکھیں کہ الله تعالى جو چاہتا ہے اپنے اختیار سے پیدا کرتا ہے، جیسا اس عزیز وبرتر کی حکمت کا تقاضہ ہوتا ہے ، چنانچہ اس نے بعض فرشتوں کو بعض پر فوقیت دی، بعض کتابوں کو بعض پر برتری عطا کی، بعض انبیاء کو بعض دیگر انبیاء پر فضیلت بخشی، بعض جگہوں او ر وقتوں کو بعض پر فوقیت دی، اسی طرح ماہ رمضان کو دیگر مہینوں پر برتری عطا فرمائی، یہ بندوں کے تئیں اللہ کی رحمت ہے کہ اس نے ان کے لئے خیر وبھلائی کے مواقع مہیا فرمائے ، جن میں نیکیوں کے اجر وثواب کئی گنا بڑھا دئیے جاتے ہیں، برائیاں مٹائی جاتی ہیں، اور جنت میں درجات بلند کئے جاتے ہیں۔جان رکھیں کہ اللہ تعالی نے اپنی حکمت کے پیش نظر جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے منتخب فرماتا ہے، چنانچہ بعض فرشتوں کو بعض پر فضیلت بخشی، بعض کتابوں کو بعض پر برتری عطا کی، بعض نبیوں کو بعض پر فوقیت دی، بعض وقت اور بعض مقام کو بعض پر فضیلت عطا کی، اس کی ایک مثال یہ ہے کہ اللہ نے ماہ رمضان کو دیگر تمام مہینوں پر فوقیت عطا کی، یہ بندوں پر اللہ کی خاص رحمت کا مظہر ہے کہ اس نے ان کے لیے خیر وبھلائی کے مواقع میسر فرمائے، جن میں نیکیوں کا اجر وثواب بڑھا دیا جاتا ہے، گناہ مٹائےجاتے ہیں اور جنت میں مومنوں کے درجات بلند کیے جاتے ہیں۔
  • جب یہ ثابت ہوگیا تو یہ بھی جان لیں-اللہ آپ پر اپنی رحمت کی برکھا برسائے-کہ رمضان کے روزے کی تيس خصوصیات ہیں، ان میں سے چند خصوصیات حسب ذیل ہیں:
  • ۱-روزہ اسلام کا چوتھا رکن ہے، عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے: "اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے: یہ گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی حقیقی معبود نہیں، اور نماز قائم کرنا، زکاۃ دینی، حج کرنا، اور رمضان کے روزے رکھنا"()۔۲-روزے کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ اسلام سے ماقبل کی تمام شریعتوں میں مشروع تھا، جو اس کی عظمت ِشان کی دلیل ہے ، اللہ تعالی کا فرمان ہے: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُتِبَ عَلَيْكُمْ الصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِينَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُون. ترجمہ: اے ایمان والو! تم پر روزے رکھنا فرض کیا گیا، جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے، تاکہ تم تقوی اختیار کرو۔۳-روزے کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اللہ تعالی نے اسے اپنی طرف منسوب کیا ہے، جوکہ تمام عبادتوں میں اس کی منفرد قدر ومنزلت پر دلالت کرتا ہے، ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ابن آدم کا ہر عمل اس کا ہے سوا ئے روزہ کے کہ یہ میرا ہے اور میں خود اس کا بدلہ دوں گا .... "۔اللہ کے بندو! اللہ تعالی کا تمام عبادتوں کی بجائے روزے کو خصوصیت کے ساتھ اپنی طرف منسوب کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ تعالی کے نزدیک یہ معزز او رمحبوب عبادت ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ اس عبادت میں اللہ تعالی کے تئیں بندے کا جذبہ اخلاص ظاہر وعیاں رہتا ہے، کیوں کہ روزہ بندے اور اس کے رب کے درمیان ایک راز ہے ، جس سے اللہ کے سوا کوئی واقف نہیں ہوتا، روزے دار خلوت و تنہائی میں ان چیزوں کو استعمال کرنے پر قادر ہوتا ہے جنہیں اللہ نے روزے کی وجہ سے حرام ٹھہرایا ہے، لیکن وہ ان کے استعمال سے باز رہتا ہے، کیوں کہ وہ جانتا ہے کہ اس کا ایک رب ہے جو خلوت میں بھی اسے دیکھ رہا ہےاور اس نے ان چیزوں کو اس پر حرام کیا ہے، چنانچہ وہ اللہ کے عذاب سے خوف کھاتے ہوئے اور اس کے اجر وثواب کی امید رکھتے ہوئے ان چیزوں کو ترک کردیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اللہ نے بندے کے اس اخلاص کی داد دی ہے اور تمام عبادتوں کی بجائے اس کے روزے کو خصوصی طور پر اپنے لئے خاص کیا ہے۔۴-رمضان کے روزے کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اللہ تعالی نے اس كے اجر وثواب کو اپنی طرف منسوب کیا ہے اور فرمایا: ( میں ہی اس کا بدلہ دوں گا)، چنانچہ اجر وثواب کو اپنی ذات کریمہ کی طرف منسوب کیا اور کسی تعداد کی تحدید نہیں فرمائی جس طرح دیگر اعمال صالحہ میں اجر وثواب کی تحدید کی گئی ہے، مثلا یہ نہیں کہا کہ روزے کا ثواب دس گنا دیا جائے گا، بلکہ اجروثواب کو مطلقاً بیان کیا، جوکہ اس کی قدر ومنزلت پر دلالت کرتا ہے، وہ پاک وبرتر اللہ تمام کرم فرماؤں سے زیادہ کریم او رسارے داتاؤں سے بڑھ کر سخی وفیاض ہے، نوازش نوازنے والے کی عظمت کے بقدر ملتی ہے ۔۵-روزے کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس میں صبر کی تینوں قسمیں یکجا ہوجاتی ہیں، اللہ کی اطاعت پر صبر، اللہ کی محرمات ے باز رہنے ) پر صبر، اور اللہ کی اذیت بخش تقدیروں پر صبر جیسے بھوک وپیاس کی شدت اور جسم وجاں کی کمزوری، اس طور پر روزہ دار کا شمار ان صابروں میں ہوتا ہے جن کے بارے میں اللہ تعالی نے فرمایا: (إِنَّمَا يُوَفَّى الصَّابِرُونَ أَجْرَهُمْ بِغَيْرِ حِسَابٍ)()ترجمہ: صبر کرنے والوں ہی کو ان کا پورا پورا بےشمار اجر دیا جاتا ہے۔۶-روزے کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اللہ تعالی نے روزہ داروں کے لئے جنت میں ایک ایسا دروازہ تیار کر رکھا ہے جس سے ان کے علاوہ کوئی نہیں داخل ہوگا، سہل بن سعد رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جنت کا ایک دروازہ ہے جسے ریان کہتے ہیں۔ قیامت کے دن اس دروازہ سے صرف روزہ دار ہی جنت میں داخل ہوں گے، ان کے سوا اور کوئی اس میں سے نہیں داخل ہو گا، پکارا جائے گا کہ روزہ دار کہاں ہیں؟ وہ کھڑے ہو جائیں گے۔ ان کے سوا اس سے اور کوئی نہیں اندر جانے پائے گا اور جب یہ لوگ اندر چلے جائیں گے تو یہ دروازہ بند کر دیا جائے گا پھر اس سے کوئی اندر نہ جا سکے گا"()۔۷-روزہ کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ وہ جہنم سے بچانے والی ڈھال ہے، عثمان بن ابی العاص رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلى اللہ علیہ کو وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: " روزه جہنم سے بچانے والی ڈھال ہے ، جس طرح تم میں سے کوئی جنگ کے میدان میں ڈھال سے اپنا بچاؤ کرتا ہے"()۔۸-روزہ کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ جو شخص ایمان اور احتساب اجر کے ساتھ ماہ رمضان کے روزے رکھتا ہے اس کے سارے پچھلے گناہ معاف ہو جاتے ہیں، ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص ایمان رکھتے ہوئے ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے اس کے تما م پچھلے گناہ معاف ہوجاتے ہیں()۔ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر چڑھے اور فرمایا: آمین، آمین، آمین۔آپ سے دریافت کیا گیا: اے اللہ کے رسول! آپ منبر پر چڑھے تو آپ نے تین دفعہ (آمین) کہا۔آپ نے فرمایا: جبریل علیہ السلام میرے پاس آئے اور فرمایا: (جس شخص کو رمضان کا مہینہ ملا اور اس کی مغفرت نہ ہوسکی ، وہ جہنم میں داخل ہو اور اللہ اسے (اپنی رحمت سے) دور کردے، آپ آمین کہئے، تو میں نے کہا: آمین()۔ابو ہریرۃ رضی اللہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا کرتے تھے: پنج وقتہ نمازیں،ایک جمعہ سے دوسرا جمعہ اور ایک رمضان سے دوسرارمضان، ان کے درمیان ہونے والے گناہوں کے لیے کفارہ ہیں، بشرطیکہ کبیرہ گناہوں سے اجتناب کیا جائے()۔۹-ماہ رمضان کے روزوں کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ مسلمانوں پر یہ روزے آسان کردئے گئے ہیں، بایں طور کہ روزہ دار جب یہ محسوس کرتا ہے کہ اس کے آس پاس کے تمام لوگ روزے سے ہیں، تو یہ احساس اس کےلئے روزہ رکھنا آسان کردیتا ہے اور اس کے اندر اس عبادت کے تئیں نشاط پیدا کرتا ہے۔۱۰-روزہ کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اللہ تعالی نے روزہ کی حالت میں اللہ تعالی خصوصیت کے ساتھ روزہ دارکی دعا قبول کرتا ہے، اس کی دلیل نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث ہے: "تين دعائیں ضرور قبول ہوتی ہیں: باپ کی دعا، روزہ دار کی دعا، مسافر کی دعا"()۔نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ تین قسم کے لوگوں کی دعا رد نہیں کرتا: انصاف کرنے والا حکمراں، روزہ دار یہاں تک کہ وہ افطار کرلے، اور مظلوم"()۔۱۱-ماہ رمضان کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ جو شخص ایمان کے ساتھ احتسابِ اجر (ثواب کی نیت) سے ماہِ رمضان میں قیام کرتاہے ، اس کے پچھلے گناہ معاف کردئے جاتے ہیں، ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس نے ایمان کے ساتھ ثواب کی نیت سے رمضان میں قیام اللیل کی، یعنی نماز تراویح پڑھی اس کے پچھلے گناہ بخش دئیے جائیں گے"()۔نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : "جو شخص امام کے ساتھ قیام کرے یہاں تک کہ وہ فارغ ہو جائے تو اللہ تعالیٰ اس شخص کے حق میں پوری رات کے قیام (کا ثواب) لکھے گا"()۔۱۲-رمضان کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ جو شخص ایمان کے ساتھ ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھتا ہے ، اس کے تمام پچھلے گناہ معاف کردئے جاتے ہیں، ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:" جس نے رمضان کے روزے ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے رکھے اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کر دیئے جائیں گے"()۔ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر چڑھے اور تین مرتبہ آمین کہا ، آپ سے دریافت کیا گیا تو آپ نے فرمایا: ميرے پا س جبرئیل تشریف لائے اور فرمایا: (جس نے ماہِ رمضان کو پایا اور اس کی مغفرت نہ ہوسکی اور وہ جہنم میں داخل ہوا۔ اللہ اسے اپنی رحمت سے دور کردے-، آپ آمین کہیے ) تو میں نے آمین کہا ()۔ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم فرمایا کرتے تھے: "جب (انسان) کبیرہ گناہوں سے اجتناب کر رہا ہو تو پانچ نمازیں ، ایک جمعہ (دوسرے ) جمعہ تک اور ایک رمضان دوسرے رمضان تک ، درمیان کے عرصے میں ہونے والے گناہوں کو مٹانے کا سبب ہیں"()۔۱۳-ماہ رمضان کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس مہینے میں صدقہ کرنا مستحب ہے، ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے كہ: " نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خیرات کرنے میں سب سے زیادہ سخی تھے اور رمضان میں آپ کی سخاوت کی تو کوئی حد ہی نہیں تھی"()۔۱۴-رمضان کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس میں عمرہ کا ثواب کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے ، ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم نے ایک انصاری عورت سے کہا: ”جب رمضان آئے تو اس میں عمرہ کر لو، کیونکہ (ماہ رمضان میں) ایک عمرہ ایک حج کے برابر ہوتا ہے“()۔۱۵-ماہ رمضان کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ رمضان کی ہر رات میں اللہ تعالی اپنے کچھ بندوں کو جہنم سے آزادی کا پروانہ عطا کرتا ہے ، ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :" جب ماہ رمضان کی پہلی رات آتی ہے، تو شیطان اور سرکش جن جکڑ دیئے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں، ان میں سے کوئی بھی دروازہ کھولا نہیں جاتا۔ اور جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں، ان میں سے کوئی بھی دروازہ بند نہیں کیا جاتا، پکارنے والا پکارتا ہے: خیر کے طلب گار! آگے بڑھ، اور شر کے طلب گار! رک جا اور آگ سے اللہ کے بہت سے آزاد کئے ہوئے بندے ہیں (تو ہو سکتا ہے کہ تو بھی انہیں میں سے ہو) اور ایسا (رمضان کی) ہر رات کو ہوتا ہے"()۔جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ ہر افطار کے وقت کچھ لوگوں کو جہنم سے آزاد کرتا ہے اور یہ (رمضان کی) ہر رات کو ہوتا ہے“()۔‏‏‏‏۱۶-۱۷:رمضان کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس مہینے میں جنت کے دروازے کھول دئے جاتے، جہنم کے دروازے بند کردئے جاتے او رشیطانوں کو بیڑیوں میں جکڑ دیا جاتا ہے، ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جب رمضان کا مہینہ آتا ہے تو جنت کے تمام دروازے کھول دیئے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیروں سے جکڑ دیا جاتا ہے"()۔۱۸-ماہ رمضان کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس مہینہ میں شیطانوں کو زنجیر میں جکڑ دیا جاتا ہے، اس کی دلیل مذکورہ بالا دونوں حدیثیں ہیں، شیطانوں کو جکڑنے کا مطلب ہے زنجیر میں انہیں جکڑ دینا، بایں طور کہ غیر رمضان میں جن مقامات تک انہیں رسائی تھی، وہاں تک رمضان میں نہ جاسکیں، بلکہ ان کا شر منحسر ہوجائے، ایک قول یہ بھی ہے کہ صرف سرکش شیطانوں کو ہی جکڑا جاتا ہے۔۱۹-ماہ رمضان کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس میں کثرت سے قرآن کی تلاوت کرنا مستحب ہے، سلف صالحین رضوا ن اللہ علیہم کا طریقہ تھا کہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتدا کرتے ہوئے رمضان میں ختمِ قرآن کا نہایت اہتمام کیا کرتے تھے کیوں کہ جبریل ہر سال رمضان کے مہینے میں آپ کےساتھ قرآن کا دورہ کیا کرتےتھے۔۲۰-روزے کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ روزہ قیامت کے دن بندے کے حق میں یہ سفارش کرے گا کہ اس کے درجات بلند کردئے جائیں اور اس کے گناہ مٹا دئے جائیں، عبد الله بن عمرو رضی الله عنهما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: روزے اور قرآن قیامت کے دن بندے کے حق میں سفارش کریں گے، روزہ کہے گا: ( اے میرے پروردگار! میں نے اسے کھانے پینے اور شہوت کی چیزوں سےباز رکھا، اس کے حق میں میری سفارش قبول فرما)۔قرآن کہے گا:(اے میرے پروردگار! میں نے اسے رات کے وقت نیند سے باز رکھا، اس کے حق میں میری سفارش قبول کرلے) چنانچہ دونوں کی سفارش قبول کرلی جائے گی()۔۲۱-رمضان کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ روزہ دا ر کے منہ کی بو اللہ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ پسندیدہ ہے ، ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی جان ہے! روزہ دار کے منہ کی بو اللہ تعالیٰ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ بہتر ہے"()۔۲۲-روزے کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اللہ تعالی روزہ دار کو دو خوشیوں سے نوازتا ہے، ایک خوشی جب وہ افطار کرتا ہے اور دوسری خوشی جب وہ اپنے رب سے ملاقات کرے گا، ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: روزہ دار کو دو خوشیاں حاصل ہوں گییک تو جب) وہ افطار کرتا ہے تو خوش ہوتا ہے اور (دوسری) جب وہ اپنے رب سے ملاقات کرے گا تو اپنے روزے کا ثواب پا کر خوش ہو گا()۔
  • ہم اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ ہمیں رمضان کے روزے اسی طرح رکھنے کی توفیق دے جس طرح اسے پسند ہے ، نیز اپنے ذکر ، شکر او رحسنِ عبادت میں ہماری مدد فرمائے ۔
  • اللہ تعالی مجھے اور آپ کو قرآن مجید کی برکتوں سے بہرہ مند فرمائے ، مجھے اور آپ کو اس کی آیتوں اور حکمت پر مبنی نصیحت سے فائدہ پہنچائے، میں اپنی یہ بات کہتے ہوئے اللہ تعالی سے اپنی لئے اور آپ سب کے لئے مغفرت طلب کرتا ہوں، آپ بھی اس سے مغفرت طلب کریں، یقینا وہ خوب توبہ قبول کرنے والا اور بہت معاف کرنے والا ہے۔
  • دوسرا خطبہ: الحمد لله وكفى، وسلام على عباده الذين اصطفى، أما بعد:۲۳-ماہ رمضان کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اسی میں قرآن نازل ہوا، فرمان باری تعالی ہے: (شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِي أُنْزِلَ فِيهِ الْقُرْآنُ)ترجمہ: ماه رمضان وه ہے جس میں قرآن اتارا گیا۔رمضان میں بھی شب قدر میں قرآن نازل ہوا، اللہ تعالی فرماتاہے : (إِنَّا أَنْزَلْنَاهُ فِي لَيْلَةِ الْقَدْرِ)ترجمہ: یقیناً ہم نے اسے شب قدر میں نازل فرمایا۔یہ ایک عظیم الشان رات ہے ، اس میں قرآن لوح محفوظ سے بیت العزت کی طرف اتارا گیا جو آسمان دنیا میں ہے ، ا س کے بعد حالات ووقائع کے اعتبار سے تھوڑا تھوڑا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نازل ہوتا رہا ۔
  • اسے قدر کی رات اس لئے کہا جاتا ہے کہ وہ بڑی قدر ومنزلت والی رات ہے، جیسا کہا جاتا ہے : (فلاں شخص بر ا عظیم مرتبہ کا حامل ہے)، اس طرح قدر کی طرف لیلۃ کی اضافت کسی چیز کو اس کی صفت کی طرف منسوب کرنے کے قبیل سے ہے۔
  • ایک قول کے مطابق اسے قدر کی رات اس لئے کہا جاتا ہے کہ اس میں پورے سال کا فیصلہ کیا جاتا ہے ، جیسا کہ اللہ تعالی کا فرمان ہے: (فِيهَا يُفْرَقُ كُلُّ أَمْرٍ حَكِيمٍ)ترجمہ: اسی رات میں ہر ایک مضبوط کام کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ابن قیم کہتے ہیں کہ: "یہی قول درست ہے"()۔()
  • اللہ تعالی نے شب قدر کو بابرکت رات سے موصوف کیا ہے، جیسا کہ اللہ تعالی نے نزول قرآن کے تعلق سے فرمایا : (إِنَّا أَنْزَلْنَاهُ فِي لَيْلَةٍ مُبَارَكَةٍ)
  • ترجمہ: ہم نے اس کو مبارک رات میں نازل فرمایا۔
  • شب قد ر کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس میں فرشتےزمین پر نازل ہوتے ہیں ، فرمان باری تعالی ہے : (تَنَزَّلُ الْمَلَائِكَةُ وَالرُّوحُ فِيهَا)
  • ترجمہ: س میں روح (الامین) اور فرشتے اترتے ہیں۔اس آیت میں الروح سے مراد جبریل ہیں، ابن کثیر رحمہ اللہ اس آیت کی تفسیر میں رقم طراز ہیں: یعنی: اس رات چونکہ کثرت سے برکت نازل ہوتی ہے ، اس لئے فرشتے بھی کثیر تعداد میں اترتے ہیں، برکت ورحمت کے ساتھ ہی فرشتے بھی نازل ہوتے ہیں،نیز یہ فرشتے تلاوت قرآن کے وقت بھی نازل ہوتے ہیں، علمی حلقات کو اپنے احاطے میں لے لیتے ہیں، صدق وسچائی کے ساتھ طالب علم کی تعظیم میں ان کے لئے اپنے پر بچھا دیتے ہیں ۔انتہی ۲۴- رمضان کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ جو شخص شب قدر میں ایمان اوراحتساب اجر کے ساتھ قیام کرے اس کے تمام پچھلے گناہ معاف کردیے جاتے ہیں، یعنی: جو شخص شب قدر کو عبادت سے آباد کرے، اللہ تعالی نے اس رات قیام کرنے والوں کے لئے جو اجر وثواب تیار کر رکھا ہے ، اس پر (ایمان رکھتے ہوئے )، اور اجر وثواب ( کی امید کرتے ہوئے) ، تو اس کے سارے پچھلے گناہ معاف ہوجاتے ہیں، ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلى اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : "جو شخص رمضان کے روزے ایمان اور احتساب (حصول اجر و ثواب کی نیت) کے ساتھ رکھے، اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں"()۔۲۵-رمضان کی ایک فضیلت یہ ہے کہ شب قدر کو نماز سے آباد کرنا ہزار مہینوں کی عبادت سے بہتر ہے ، یعنی ۸۳ سال سے بھی زائد ، اللہ تعالی فرماتا ہے : (ليلة القدر خير من ألف شهر)ترجمہ: شب قدر ایک ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔
  • نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : "رمضان کا مبارک مہینہ تمہارے پاس آ چکا ہے، اللہ تعالیٰ نے تم پر اس کے روزے فرض کر دیئے ہیں، اس میں آسمان کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں، اور سرکش شیاطین کو بیڑیاں پہنا دی جاتی ہیں، اور اس میں اللہ تعالیٰ کے لیے ایک رات ایسی ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے، جو اس کے خیر سے محروم رہا تو وہ بس محروم ہی رہا"()۔
  • ابن سعدی رحمہ اللہ کا قول ہے: اس بات سے ہماری عقلیں حیران وششدر ہیں کہ اللہ تعالی نے اس امت کو ایک ایسی رات سے نوازا ہے جس میں کیا جانے والا عمل ہزار مہینوں کے عمل سے بھی بہتر ہے جو کہ ایک بڑی لمبی عمر پانے والے شخص کی زندگی کے برابر ہےیعنی اسی سال سے بھی زیادہ۔
  • معمولی اختصار کے ساتھ آپ کا قول ختم ہوا۔۲۶-رمضان کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنا مستحب ہے، اعتکاف کے معنی یہ ہیں کہ اللہ کا اطاعت وعبادت کی خاطر مسجد کو لازم پکڑا جائے ، عائشہ رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہیں کہ : " نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی وفات تک برابر رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کرتے رہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات اعتکاف کرتی رہیں"()۔اعتکاف کرنے کی وجہ یہ تھی کہ آپ شب قدر کی تلاش کرتے ، ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میں نے اس شب قدر کو تلاش کرنے کے لیے پہلے عشرے کا اعتکاف کیا ، پھر میں نے درمیانے عشرے کا اعتکاف کیا، پھر میرے پاس (جبریل) کی آمد ہوئی تو مجھ سے کہا گیا: وہ آخری دس راتوں میں ہے تو اب تم میں سے جو اعتکاف کرنا چاہے وہ اعتکاف کرلے"()۔۲۷-رمضان کے روزے کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اللہ تعالی نے اس کے اختتام میں زکاۃ الفطر کو مشروع کیا ہے، جو روزے کے درمیان سرزد ہونے والى لغو اور بیہودہ باتوں سے روزہ دار کو پاک کرتی ہے ، ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ: "رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صدقہ فطر، صائم کو لغو اور بیہودہ باتوں سے پاک کرنے کے لیے اور مسکینوں کے کھانے کے لیے فرض کیا ہے"()۔۲۸-رمضان کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اللہ تعالی نے اس کے بعد عید کا شعیرہ مشروع قرار دیا ہے، دو عظیم شعائر کی ادائگی کے بعد اللہ تعالی نے مسلمانوں کے لیے دو عیدیں مشروع قرار دی ہیں، رمضان کے روزے اور بیت اللہ کا حج، عید الفطر رمضان کے روزے مکمل ہونے منائی جاتی ہے، چنانچہ جب مسلمان روزے مکمل کر لیتے ہیں تو اللہ تعالی انہیں جہنم سے رہائی عطا فرماتا ہے، اس فضل واحسان کے شکریہ کے طور پر صدقہ الفطر اور نماز عید ادا کی جاتی ہے، اس عید میں مسلمانوں کا جمعہ سے بڑا اجتماع ہوتا ہے، ان کی عظمت وشوکت کا مظاہرہ ہوتا ہے، اس شعار پر ان کا افتخار ظاہر ہوتا ہے اور ان کی کثرت کا پتہ چلتا ہے، اسی لیے اس دن تمام لوگوں کے لیے عید گاہ جانا مستحب ہے، حتی کہ خواتین اور بچوں کے لیے بھی، بلکہ حائضہ عورتیں بھی مسلمانوں کو دعا میں شامل ہوں گی البتہ عید گاہ سے ہٹ کر رہیں گی، عید میں اس ماہ کے اختتام، عید کی آمد اور کمال رحمت کی مناسبت سے فرحت وسرور کا مظاہرہ ہوتا ہے()۔۲۹-رمضان کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس کے اختتام پر تکبیر پکارنا مشروع ہے، جس کا آغاز عید کی رات کی آمد سے ہوتی ہے اور نماز عید کے اختتام تک برقرار رہتی ہے، اللہ تعالی کا فرمان ہے: ﴿وَلِتُكْمِلُواْ الْعِدَّةَ وَلِتُكَبِّرُواْ اللّهَ عَلَى مَا هَدَاكُمْ وَلَعَلَّكُمْ تَشْكُرُون﴾ترجمہ: تم گنتی پوری کرلو اور اللہ تعالی کی دی ہوئی ہدایت پر اس کی بڑائیاں بیان کرو اور اس کا شکر کرو۔یعنی: رمضان کے تیس دنوں کی گنتی پوری کرو، اس کے اختتام پر اللہ کی تکبیر بیان کرو، اور اللہ نے اس عبادت کی ادائگی کی جو توفیق دے، اسے آسان بنایا ، اس میں مدد کی اور اس کے اختتام تک پہنچایا اس پر اس کا شکر ادا کریں۔اسی طرح اللہ تعالی نے حج کے اختتام پر مسلمانوں کے لیے عید الاضحی کو مشروع قرار دیا بایں طور کہ حجاج کرام عرفہ کے میدان میں وقوف کرتے ہیں، جوکہ جہنم سے آزادی کا دن ہے، اس دن سے زیادہ کسی بھی دن نہ جہنم سے آزادی ملتی ہے اور نہ گناہوں کی معافی ملتی ہے، اس لیے اللہ نے اس کے بعد عید مقرر فرمائی جوکہ سب سے بڑی عید ہے۔۳۰-رمضان کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ جو شخص رمضان کے روزے رکھتا ہے اور اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھتا ہے وہ اس شخص کی طرح ہے جو پورے سال روزے رکھتا ہے، کیوں کہ نیکی کا ثواب دس گنا بڑھا کر دیا جاتا ہے، جبکہ اس شخص نے صرف ۳۶ دنوں کے روزے رکھے ، ابو ایوب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جس نے رمضان کے روزے رکھے، پھر اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے تو یہ (پورا سال) مسلسل روزے رکھنے کی طرح ہے"()۔
  • یہ ماہ رمضان کی تیس خصوصیات ہیں، بندہ مسلم کو چاہئے کہ ان کو جانے اور روزہ کے درمیان انہیں ذہن نشیں رکھے تاکہ ایمان اور احتساب اجر کے ساتھ روزہ مکمل کرنے میں یہ خصوصیات معاو ن ثابت ہوں۔
  • آپ یہ بھی جان رکھیں –اللہ آپ پر اپنی رحمت نازل فرمائے - کہ اللہ تعالی نے آپ کو ایک بڑی چیز کا حکم دیا ہے، فرمان باری تعالی ہے:
  • (إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا)ترجمہ: اللہ تعالی اور اس کے فرشتے اس نبی پر رحمت بھیجتے ہیں ۔اے ایمان والو! تم بھی ان پر درود بھیجو اور خوب سلام بھی بھیجتے رہا کرو۔اے اللہ !تو اپنے بندے اور رسول محمد پر رحمت و سلامتی بھیج،تو ان کے خلفاء ،تابعین عظام اور قیامت تک اخلاص کے ساتھ ان کی اتباع کرنے والوں سے راضی ہوجا۔ اے اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو عزت وسربلندی عطا فرما،شرک اور مشرکوں کو ذلیل وخوار کر،تواپنے اور دین اسلام کے دشمنوں کو نیست ونابود کردے،اور اپنے موحد بندوں کی مدد فرما۔اے اللہ! ہمیں اپنے ملکوں میں امن وسکون کی زندگی عطا کر،ہمارے اماموں اور ہمارے حاکموں کی اصلاح فرما،انہیں ہدایت کی رہنمائی کرنےوالا اور ہدایت پر چلنے والا بنا۔ اے اللہ! تمام مسلم حکمرانو ں کو اپنی کتاب کو نافذ کرنے اور اپنے دین کو سر بلند کرنے کی توفیق ارزانی کر، انہیں ان کے ماتحتوں کے لئے رحمت بنادے۔سبحان ربك رب العزة عما يصفون وسلام على المرسلين والحمد لله رب العالمين تحریر:ماجد بن سلیمان الرسی ۴ رمضان ۱۴۴۲ھ شہر جبیل-سعودی عرب0966505906761ترجمہ: سیف الرحمن حفظ الرحمن تیمی

    المرفقات

    2

    رمضان كي تيس خصوصيات
    رمضان كي تيس خصوصيات